نئی دہلی،15؍جون (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )نیل گایوں ، بندر، جنگلی بھالو کو مارنے کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے ۔اس معاملے پر گوری مو لیکھی اوراین جی او فیڈریشن آف انڈین اینمل پروٹیکشن، وائلڈ لائف ریسکیو اینڈ ری ہبلٹیشن‘کی طرف سے درخواست دائر کی گئی تھی جس پر سپریم کورٹ سماعت کرے گا۔درخواست میں اس پر روک کی اپیل کی گئی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ بہار، ہماچل پردیش ، اور اتراکھنڈ میں نیل گایوں اور دیگر جانوروں کو نقصان پہنچانے کے نام پر مارا جا رہا ہے جو کہ غلط ہے اور اس پر پابندی لگائی جانی چاہیے ۔درخواست میں مرکز کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی بتایا گیا ہے اور اس نوٹیفکیشن پر روک لگانے کا مطالبہ کیا ہے جس کے تحت ان جانوروں کو مارا جا رہا ہے۔سپریم کورٹ اب اگلے ہفتے اس معاملے پر سماعت کرے گا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے بغیر کسی بنیاد اور سائنسی مطالعہ کے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جبکہ سچائی یہ ہے کہ نہ تو ان کی آبادی کے بارے میں حکومت کو کوئی معلومات ہے اور نہ ہی کوئی رپورٹ۔یہاں تک کہ حکومت جنگلوں میں مائننگ بھی نہیں روک پائی ہے جس کی وجہ سے جانور رہائشی علاقے میں گھسنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔